فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیرِ دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم

ریاض(رم نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں دفاعی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ریاض میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران مکہ دفاعی تعاون معاہدے کے تحت ہونے والے اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور اس پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب کی شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا جائزہ لیا اور معاہدے کے دائرہ کار میں رہ کر ایسے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں سعودی قومی سلامتی کے مشیر، چیف آف جنرل سٹاف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ سعودی وزیرِ دفاع نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ دونوں برادر ممالک خطے میں سکیورٹی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔