سات روزہ منصوبہ کیا ہے؟ ایران کی امریکہ کو پیشکش کے اہم خدوخال سامنے آ گئے

تہران(رم نیوز) ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی نے انکشاف کیا ہے کہ تہران نے ثالثوں کے ذریعے امریکہ کو ایک 'سات روزہ منصوبہ' پیش کیا ہے، جس کا مقصد کشیدگی کا خاتمہ اور مذاکرات کی بحالی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی موجودگی میں ہونے والی ایک نشست میں بتایا گیا کہ اگر امریکہ ایران کی شرائط تسلیم کر لے تو اس منصوبے کے ساتویں روز آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا، جس کے بعد جامع مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ منصوبے کے تحت اس سات روزہ مدت کے دوران لبنان سمیت تمام محاذوں پر لڑائی بند کرنا ہوگی، جبکہ امریکہ کو بحری ناکہ بندی ختم کرنے، ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندیوں میں استثنیٰ دینے اور تہران کو 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں تک رسائی دینی ہوگی۔ اس کے علاوہ واشنگٹن کو باضابطہ اعلان کرنا ہوگا کہ وہ بحران کا سفارتی حل چاہتا ہے۔