بلوچستان، سکیورٹی فورسز کے 96 گھنٹوں میں کامیاب آپریشنز، 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(رم نیوز)سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہند' کے 71 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جو مقامی آبادی کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔ ترجمان پاک فوج نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں افغان طالبان حکومت کا ملوث ہونا خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن رہا ہے۔

21 ستمبر 2026 کو مصدقہ انٹیلی جنس معلومات پر زیارت اور گردونواح (شعبان) میں آپریشن شروع کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 33 دہشت گرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا، جبکہ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ستمبر 2026 میں ہی ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک الگ آپریشن کیا گیا، جہاں بھارت کے حمایت یافتہ مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ مند کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 'فتنہ الہند' کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرا کے مقامی آبادی کو دہشت گردوں کے خطرے سے نجات دلا دی ہے۔ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک 'عزمِ استحکام' ویژن کے تحت یہ کلیئرنس آپریشنز پورے عزم اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ جاری رہیں گے