سعودی عرب میں بارانِ رحمت، آئندہ جمعہ تک مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا

ریاض(رم نیوز)سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ متعدد شاہراہوں پر پانی بھی جمع ہو گیا ہے۔ قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کے مطابق مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا یہ سلسلہ آئندہ جمعے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ پیشگوئی کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، عسیر، الباحہ، حائل اور تبوک سمیت کئی حصوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ ہلکی سے درمیانی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ منگل اور بدھ کے روز بارش کی شدت میں اضافے کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ دارالحکومت ریاض سمیت مکہ مکرمہ میں بھی بارش سے موسم نہایت دلکش ہو گیا، جہاں مسجد الحرام میں زائرین نے بارانِ رحمت کے دوران انتہائی روحانی ماحول میں طواف کعبہ جاری رکھا۔ادھر محکمہ شہری دفاع نے عوام اور زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔