تیل کی قیمتیں 106 ڈالر سے تجاوز، سعودی وزیر خارجہ واشنگٹن پہنچ گئے

واشنگٹن/ریاض(رم نیوز)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً دو فیصد اضافے کے بعد 106 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اس اضافے کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو سات روز میں دوبارہ کھولنے کی تجویز کو مسترد کرنا ہے۔ خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات متوقع ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے کے اہم امور اور سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے مابین جھڑپوں میں شدت آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، سعودی ولی عہد نے حوثیوں کے خلاف عسکری کارروائی کے لیے امریکہ سے مدد مانگی تھی، جس پر واشنگٹن نے براہ راست حملوں کے بجائے اہداف کے تعین میں انٹیلی جنس معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔