اسلام آباد(رم نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم معلومات تک رسائی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایک جمہوری معاشرے میں شہریوں کا بروقت، معتبر اور مستند معلومات تک رسائی کا حق یقینی بنایا جائے۔ اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 19-اے، جو کہ 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے شامل کیا گیا، ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا آئینی حق فراہم کرتا ہے، تاہم یہ حق قانونی ضابطوں اور معقول پابندیوں سے مشروط ہے۔
انہوں نے وفاقی سطح پر نافذ 'رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017' کو بھی اس ضمن میں ایک اہم قانونی ڈھانچہ قرار دیا۔ موجودہ دور کے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے خبردار کیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی نے معلومات کی ترسیل کے انداز کو بدل دیا ہے۔ آج اصل چیلنج صرف معلومات کی دستیابی نہیں بلکہ شہریوں کے لیے مستند معلومات اور جھوٹی یا گمراہ کن خبروں کے درمیان فرق کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بدلتے ہوئے معلوماتی ماحول میں عوام دوست صحافیوں، محققین اور میڈیا اداروں کا کردار انتہائی اہم ہو گیا ہے۔ صدر مملکت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ غلط معلومات کے تدارک کی کوششیں کسی بھی صورت میں عوامی مفاد کی صحافت، منصفانہ تنقید اور آزادانہ عوامی مباحثے کو دبانے کا ذریعہ نہیں بننی چاہئیں۔