ڈیجیٹل دور میں حقِ معلومات اور شفافیت ناگزیر ہے:وزیراعظم

اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہریوں کو مستند معلومات کی فراہمی ایک بنیادی جمہوری حق اور شفاف معاشرے کی اساس ہے۔ رواں سال اس دن کا موضوع "ڈیجیٹل دور میں معلومات کی صحت اور صداقت کا تحفظ" ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر گمراہ کن معلومات کا پھیلاؤ ایک سنگین چیلنج ہے، جو معاشرے میں بے یقینی پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان آئین کے آرٹیکل 19-اے کے تحت شہریوں کے حقِ معلومات اور شفافیت کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ حکومت، میڈیا، سول سوسائٹی اور ٹیکنالوجی کے ماہرین مل کر معلوماتی انتشار کا مقابلہ کریں اور ایک ایسا ماحول تشکیل دیں جہاں ہر شہری کو بروقت اور درست معلومات تک رسائی حاصل ہو۔