پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری نوجوانوں کی صلاحیتوں کی بدولت ترقی کی منزلیں طے کر رہی ہے: شزا فاطمہ

اسلام آباد(رم نیوز) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ نوجوان افرادی قوت کا ٹیلنٹ پاکستان کی ٹیک انڈسٹری کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ہواوے کے گلوبل سروس سینٹر کے دورے کے موقع پر بات کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین اپنی لاگت اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ملکی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ تقریباً بیس فیصد اضافہ ہو رہا ہے، اور حکومت وزیراعظم کے دیے گئے پچیس ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ پاک چین تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہواوے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری اور موجودگی کو مزید وسعت دے گی۔