اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف امریکہ اور برطانیہ کا 13 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔نور خان ایئر بیس پر وزیراعظم کا استقبال کرنے والوں میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری شامل تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا اور عالمی فورم پر پاکستان کا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں پیش کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف ممالک کے عالمی رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے اہم دو طرفہ اور کثیر الجہتی ملاقاتیں بھی کیں، جن میں عالمی سطح پر امن، سلامتی، ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اپنے اس دورے میں عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں اور نامور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں، جن کا بنیادی مقصد پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف 13 روزہ دورہ امریکہ اور برطانیہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے