وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کراچی ایئرپورٹ آمد، امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ

کراچی(رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کر کے مسافروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مسافروں سے ملاقات کر کے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور کچھ مسافروں کے سفری دستاویزات خود چیک کر کے ایف آئی اے سے تصدیق کروائے۔ محسن نقوی نے کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے طویل قطاریں ختم ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مسافروں کو بہترین سہولیات دی جائیں، لیکن نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات کے حامل مسافروں کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔