سوئٹزرلینڈ(رم نیوز) گلف نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق، جریدے "فرنٹیئرز ان نیوٹریشن" میں شائع ہونے والی ایک بڑی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ صبح کی ورزش کے باوجود دن بھر طویل وقت تک بیٹھے رہنا دل کی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ اس تحقیق میں برطانیہ کے تقریباً 476,000 افراد کا 13 سال سے زائد عرصے تک تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ جو لوگ روزانہ چار گھنٹے سے زیادہ کا وقت فارغ اوقات میں بیٹھ کر گزارتے ہیں۔ ان میں دل کے دورے کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہوتا ہے جو دو گھنٹے یا اس سے کم بیٹھتے ہیں۔ ماہرین امراض قلب کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک ایک ہی جگہ بیٹھے رہنے سے جسم کا میٹابولزم اور خون کی گردش متاثر ہوتی ہے، جس سے بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کے مسائل جنم لیتے ہیں۔ ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ باقاعدہ ورزش اپنی جگہ انتہائی مفید ہے۔دل کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیے ماہرین کاکہنا ہے کہ روزانہ کی ورزش کے ساتھ ساتھ دن بھر کے معمولات میں بار بار اٹھنے، چھوٹے وقفے لینے اور ہلکی پھلکی چہل قدمی کو لازمی شامل کیا جائے۔