اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دونوں ممالک کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں اور دونوں برادر ممالک کے دل ایک دوسرے سے جڑے اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں چین کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی، اور عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، قومی اتحاد اور ناقابل تسخیر جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا کردار انتہائی کلیدی ہے، اور صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے سائنس، ٹیکنالوجی، جدت اور انسانی ترقی کے میدان میں جو شاندار کامیابی حاصل کی ہے وہ پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2026 دونوں ممالک کی دوستی کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سال پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ پاک چین دوستی نے زلزلوں، سیلاب اور ہر کٹھن آزمائش کا ہمیشہ کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔
سی پیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دیرینہ دوستی اور مشترکہ خوشحال مستقبل کے عزم کا مظہر ہے۔ اب دونوں ممالک سی پیک ٹو کے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جس میں صنعتکاری، خصوصی اقتصادی زونز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔