نشین(رم نیوز) ایشین گیمز 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور فائنل میں جگہ پکی کر لی۔جاپان کے شہر نشین میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بارش کے باعث کھیل کو فی اننگز 13 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔ قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا سکی، جس میں توحید ہردوئی 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 جبکہ عرافات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں پاکستان نے 112 رنز کا ہدف 12ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ عبد الصمد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 15 گیندوں پر 30 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، اس کے علاوہ حسن نواز نے 27 اور صائم ایوب نے 21 رنز بنائے۔واضح رہے کہ ایشین گیمز کے اس کرکٹ ایونٹ کا فائنل میچ 3 اکتوبر 2026 کو کھیلا جائے گا۔