امریکی افواج نے ایران کی روایتی دفاعی ڈھال مفلوج کر دی:امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے واشنگٹن ڈی سی کے قریب کوانٹیکو میرین بیس میں فوجی حکام اور رہنماؤں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انتہائی سخت مؤقف اپنایا اور دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، دفاعی نظام، قیادت اور فوجی صنعتی صلاحیت کو تباہ کر دیا ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی فوجیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے جوانوں نے ایران کی روایتی دفاعی ڈھال اور اس کے جوہری عزائم کو اس طرح مفلوج کیا ہے کہ وہ اب دنیا کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کے دستے اس امر کی بھرپور ضمانت دے رہے ہیں کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قابل نہیں ہو پائے گا۔ امریکی وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ پینٹاگون کے نظام میں ماضی کی نسبت ایک بڑی اور واضح تبدیلی لائی جا چکی ہے، جہاں اب تمام توجہ کا مرکز صرف اور صرف جنگ لڑنے کی مؤثر صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔