ریاض(رم نیوز)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شوریٰ کونسل سے اپنے سالانہ خطاب میں دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ مملکت کو درپیش ہر خطرے یا حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ العربیہ کے مطابق شوریٰ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ریاض علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور مسائل کے سفارتی حل کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا، اور انہیں یقین ہے کہ مکہ دفاعی اتحاد خطے کے امن اور استحکام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
یمن کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ولی عہد نے کہا کہ حوثیوں نے خطے میں افراتفری، تباہی اور دھمکانے کا راستہ منتخب کیا ہے، تاہم سعودی عرب عالمی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی پورے ملک میں مؤثر حاکمیت قائم کرنے کے لیے اپنی بھرپور اور جامع مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔