سابق میئر سے ملک کی وزیراعظم تک ،فاطمہ الزہرہ المنصوری کا تاریخی سیاسی سفر

رباط(رم نیوز) مراکش میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد اعتدال پسند جماعت ’پام‘ کی شاندار کامیابی کے نتیجے میں شاہ محمد ششم نے ملک کی نامور سیاستدان اور وکیل فاطمہ الزہرہ المنصوری کو مراکش کی پہلی خاتون وزیراعظم نامزد کر دیا ہے۔اس تاریخی تقرر کے ساتھ ہی 50 سالہ فاطمہ الزہرہ عرب دنیا میں حکومت کی سربراہی کرنے والی تاریخ کی صرف دوسری خاتون بن گئی ہیں۔

ان سے قبل تیونس کی نجلا بودن یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے کارپوریٹ قانون کی ماہر فاطمہ الزہرہ اس سے قبل تاریخی شہر مراکش کی میئر اور وفاقی کابینہ میں رہائش و شہری منصوبہ بندی کی وزیر کے طور پر بھی گراں قدر فرائض انجام دے چکی ہیں۔ انتخابات میں ان کی جماعت نے 97 نشستیں حاصل کی ہیں، اور اب 395 رکنی پارلیمان میں واضح اکثریت کے ساتھ حکومت سازی کے لیے انہیں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت قائم کرنا ہوگی۔