کراچی(رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنے کے بعد اب معیشت کو "نئی معیشت 2.0" کی راہ پر ڈالا جا رہا ہے تاکہ بار بار کے معاشی بحرانوں (بوم اینڈ بسٹ سائیکل) کا خاتمہ کیا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ 29 مارچ 2024 کو جب وہ پہلی بار اسٹاک ایکسچینج آئے تھے تو 100 انڈیکس 67 ہزار پوائنٹس پر تھا، جو اب شاندار ترقی کرتے ہوئے ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں سرمایہ کاروں کی شراکت دو گنا سے زائد بڑھ چکی ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران سٹاک مارکیٹ میں نوجوان نسل (جین زی اور ملینیئلز) کی 85 فیصد شراکت ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام" کے تحت اب تک 60 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ بینکنگ انڈسٹری نے 340 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت نجی شعبے کو مکمل کاروباری ماحول فراہم کرے گی، اور تاریخ میں پہلی بار ڈسکوز کی نجکاری میں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔