نیوزی لینڈ میں پارلیمنٹ تحلیل، نومبر کے انتخابات میں سخت مقابلے کی توقع

ویلنگٹن(رم نیوز) نیوزی لینڈ میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں اور سیاسی مہم جوئی باضابطہ طور پر شروع ہو گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کی 54ویں پارلیمنٹ کا آخری اجلاس 23 ستمبر کو منعقد ہوا، اور اب ووٹرز 7 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے نزدیک یہ انتخاب حکمراں مرکزِ دائیں بازو کے اتحاد اور بائیں بازو کے اپوزیشن بلاک کے درمیان کڑا اور کانٹے دار مقابلہ ثابت ہوگا۔

لیبر پارٹی کی زیرِ قیادت بائیں بازو کا اتحاد 65 نشستیں حاصل کر سکتا ہے۔حکمران جماعت نیشنل پارٹی، ایکٹ نیوزی لینڈ اور نیوزی لینڈ فرسٹ پر مشتمل دائیں بازو کا بلاک 59 نشستیں جیتنے کی توقع رکھتا ہے۔دونوں بڑی حریف جماعتیں (لیبر اور نیشنل) عوامی حمایت میں 28 فیصد کے ساتھ برابر ہیں، جبکہ گرین پارٹی 16 فیصد ووٹ لے کر 19 نشستیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ بیرون ملک مقیم شہریوں کے لیے ووٹنگ 21 اکتوبر سے شروع ہوگی، جبکہ 26 اکتوبر سے ایڈوانس ووٹنگ کا آغاز ہو جائے گا۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے آئین کے تحت پارلیمنٹ کی زیادہ سے زیادہ مدت تین سال مقرر ہے۔