اسلام آباد (رم نیوز) برآمد کنندگان کے ایک نمائندہ وفد نے وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران وفد نے وزیربحری امور جنید انوار چوہدری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ طویل شپنگ روٹس کی وجہ سے یورپی اور امریکی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی ترسیل پر آنے والے اخراجات اور وقت میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو خطے کے ان حریف ممالک کے مقابلے میں سخت مسابقتی دباؤ کا سامنا ہے، جن کی رسائی عالمی منڈیوں تک نسبتاً آسان اور براہ راست ہے۔
وفد میں سٹائل ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد اصغر علی، ایڈیڈاس گلوبل کے نائب صدر بینیڈکٹ برنر اور ایڈیڈاس کے سینئر ڈائریکٹر سورسنگ آپریشنز ثاقب رفیق شامل تھے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جرار حیدر کاظمی نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اگر برآمد کنندگان مطلوبہ مقدار میں کارگو کی دستیابی کی یقین دہانی کرا دیں، تو اس آپریشن کو تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل بنانے کے لیے کنٹینر جہازوں کی خریداری یا انہیں لیز پر لینے کے آپشنز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی شپنگ رابطوں کو بہتر بنانے، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی لانے اور عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو آسان بنانے کی غرض سے وزارتِ بحری امور، پی این ایس سی اور برآمد کنندگان کے نمائندوں پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔