وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ،ہدف برآمدات پر مبنی معیشت بنانا ہے: وزیر اعظم

کراچی(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبوں کے ساتھ مل کر معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کی ترقی ٹیم ورک کے بغیر ناممکن ہے۔ تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند سال قبل معیشت انتہائی مشکل حالات سے دوچار تھی، لیکن اب پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش حالات پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ آئی ایم ایف حکام بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے یوروبانڈز کے اجرا میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ ملک میں ترسیلاتِ زر میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب ہمارا حتمی ہدف ملک کو برآمدات پر مبنی معیشت بنانا ہے، تاہم ماضی کی پالیسیوں کے تلخ حقائق کی اصلاح کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے۔