کالینن گراڈ کیا ہے؟ روس نے سلامتی کو خطرہ لاحق ہونے پر سخت قدم اٹھانے کی تنبیہ کر دی

ماسکو (رم نیوز) پولینڈ اور لتھوانیا کے درمیان بحیرہ بالٹک کے ساحل پر واقع کالینن گراڈ روس کا ایک اہم اور الگ تھلگ علاقہ ہے، جو روس کے مرکزی حصے سے کٹا ہوا ہے اور جہاں اہم فوجی اڈے اور میزائل سسٹمز نصب ہیں۔ ماضی میں جرمنی کا حصہ (کونیگس برگ) رہنے والا یہ خطہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سوویت یونین کے قبضے میں آیا تھا۔

سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد سے یہ علاقہ روس کا بحیرہ بالٹک میں سب سے بڑا عسکری گڑھ بن چکا ہے۔ یہاں روس کی طاقتور بالٹک فلیٹ کا ہیڈ کوارٹر موجود ہے، اس کے علاوہ جدید ترین میزائل سسٹمز (جیسے کہ ایس-400 اور جوہری صلاحیت کے حامل سکندر میزائل) بھی یہاں نصب ہیں۔ چونکہ یہ علاقہ پولینڈ اور لتھوانیا (دونوں ناٹو اور یورپی یونین کے رکن ممالک) کے درمیان گھرا ہوا ہے، اس لیے یہاں روسی فوج کی موجودگی مغربی ممالک کے لیے ہمیشہ سے شدید تشویش کا باعث رہی ہے۔ حالیہ برسوں میں روس اور مغرب کے تعلقات خراب ہونے کے بعد کالینن گراڈ کی اہمیت اور حساسیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

سٹریٹجک اہمیت کے حامل اس خطے کے حوالے سے روس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اگر کالینن گراڈ کو کوئی خطرہ لاحق ہوا یا اسے باقی روس سے الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی گئی، تو ماسکو اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے اپنے تمام دستیاب ہتھیار استعمال کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔