اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزارت مذہبی امور نے سرکاری عازمین حج 2027 کے لیے واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین اپنی دوسری قسط 5 اکتوبر (پیر) سے لے کر 20 اکتوبر تک جمع کرا سکیں گے۔ ادائیگی کا یہ عمل روایتی طریقوں کے برعکس "پاک حج ایپ" یا ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہی انجام پائے گا۔ وزارت کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر واجبات جمع نہ کرانے والے امیدواروں کی حج درخواستیں منسوخ کر دی جائیں گی، اور منسوخی کی صورت میں پہلے سے جمع شدہ رقم متعلقہ عازم کے اکاؤنٹ میں واپس منتقل کر دی جائے گی۔علاوہ ازیں، عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوسری قسط کی ادائیگی سے قبل اپنا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی طور پر پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔ وزارت نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے تمام مراحل وقت پر مکمل کریں۔
حج 2027، سرکاری عازمین کے لیے دوسری قسط جمع کرانے کا شیڈول جاری، تاریخ کا اعلان