ون ڈور سہولت مرکز کا قیام، وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی بندرگاہی تجارت کے فروغ کے لیے کام تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت وزارت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تجارت، ماہی گیری اور بندرگاہی امور سے متعلق مختلف منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر بحری امور نے کراچی میں تاجر برادری کی سہولت کے لیے "ون ڈور سہولت مرکز" کے قیام کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہی تجارت سے متعلق تمام خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ تاجروں کو خدمات تک رسائی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

جنید انوار چوہدری نے ماہی گیری کے جہازوں کی رجسٹریشن کے عمل کو بھی آسان بنانے پر زور دیا، جبکہ اجلاس میں فشریز کے برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس مراعات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ، اجلاس میں "سی ٹو سٹیل" منصوبے پر پیش رفت کی بریفنگ دی گئی اور گوادر پورٹ کے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔