انقرہ (رم نیوز) عراق اور ترکیہ نے تیل و گیس کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک طویل مدتی معاہدے تک پہنچنے کی خاطر باضابطہ مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔عراقی سرکاری خبر رساں ادارے (آئی این اے) کے مطابق عراقی وزیرِ تیل باسم محمد خضیر اور ترکی کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار کے درمیان انقرہ میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔
عراقی وزارتِ تیل کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات میں تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پیٹروکیمیکل صنعت اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کی تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عراق کی تیل کی برآمدات میں 80 فیصد سے زائد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے پیشِ نظر بغداد حکومت متبادل راستوں کے ذریعے اپنی تیل کی برآمدات بحال رکھنے اور ترکی کے ساتھ توانائی کے شعبے میں طویل مدتی تعاون کو وسعت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔