پشاور(رم نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا روٹ میپ جاری کردیا۔ سہیل آفریدی کے مطابق لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے شروع ہوگا، جس میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت سے لوگ شریک ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق قافلہ رات کو کرک کے قریب قیام کرے گا، جبکہ 5 اکتوبر کو کرک کے عوام مارچ میں شامل ہوں گے اور قافلہ کوہاٹ کی جانب روانہ ہوگا۔
6 اکتوبر کو کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے اضلاع سے شرکا قافلے کا حصہ بنیں گے، جس کے بعد پشاور کے متنی کے قریب قیام کیا جائے گا۔ سہیل آفریدی نے بتایا کہ 7 اکتوبر کو بڈھ بیر کے مقام پر ضلع خیبر اور پشاور کے مختلف حلقوں کے عوام قافلے کا استقبال کریں گے، جبکہ رات چارسدہ انٹرچینج پر گزاری جائے گی۔ 8 اکتوبر کو چارسدہ اور مہمند کے عوام مارچ میں شامل ہوں گے، جبکہ خیبرپختونخوا بھر سے لوگ خیرآباد کے مقام پر جمع ہوں گے۔
انشأللہ آج گنڈی چوک لکی مروت سے ہم لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع کریں گے-
آج بروز اتوار، 4 اکتوبر، دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے غیور پاکستانی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔ رات کو یہ قافلہ کرک کے قریب پہنچ کر پڑاؤ کرے گا۔
5 اکتوبر دن 12 بجے کرک کے غیور عوام ہمیں جوائن کرینگے۔ وہاں سے روانگی 12:30 بجے ہوگی اور رات کو کوہاٹ کے قریب پڑاؤ کریں گے-
6 اکتوبر کو 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کُرم اور اورکزئی اضلاع کے پاکستانی ہمیں جوائن کریں گے۔ کوہاٹ سے پشاور کی طرف روانگی ہوگی اور پشاور متنی کے قریب رات گزاریں گے۔
7 اکتوبر کو پشاور بڈھ بیر کے مقام سے دن 12:30 بجے روانگی ہوگی۔ بڈھ بیر کے مقام پر ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ پشاور کے باقی حلقے کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازا پر ہمیں جوائن کریں گے۔ اور رات ہم چارسدہ انٹرچینج کے قریب گزاریں گے۔
8 اکتوبر کو 12:30 بجے چارسدہ انٹرچینج سے روانگی ہوگی۔ وہاں ضلع چارسدہ اور مہمند ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔
پورے خیبر پختونخوا کے لوگ 8 اکتوبر کو خیر آباد کے مقام پر اکٹھے ہونگے اور وہاں رات گزاریں گے۔ انشأللہ آگے کا لائحہ عمل وہاں پر دیا جائیگا۔
— Sohail Afridi (@SohailAfridiISF) October 3, 2026
ان کے مطابق وہاں رات گزارنے کے بعد لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو کسی صورت اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔