کراچی(رم نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر راج یا ایمرجنسی جیسے اقدامات سے قبل سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔کراچی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پانی کی قلت پورے ملک کا مسئلہ ہے، تاہم سندھ اور بالخصوص کراچی کو اس حوالے سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو اس کے حصے کے مطابق پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، جبکہ کراچی کو بھی واٹر ایکارڈ کے مطابق پانی نہیں مل رہا۔ کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کو پانی کے ساتھ گیس کی مکمل فراہمی بھی نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ دہشت گردی کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے اثرات کراچی تک پہنچتے ہیں، اس لیے دہشت گردی کو سیاسی نہیں بلکہ قومی مسئلہ سمجھ کر اس کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے حملے ہو رہے ہیں جبکہ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہونا بھی ڈھکی چھپی بات نہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی راستے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان کا استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم اس سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالنا چاہیے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں اور سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جائے۔