کراچی(رم نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر قوم کی تعمیر، کردار سازی اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اساتذہ کے اہم کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔آج منائے جانے والے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے آئندہ نسلوں کی تشکیل میں اساتذہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ علم بانٹنے کے ساتھ ساتھ طلبہ میں تجسس کو پروان چڑھانے اور ان کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ نوجوانوں کو معاشرے کے ذمہ دار اور مفید شہری بننے کے لیے درکار مہارتیں اور اقدار سکھاتے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ نوجوانوں کی بہترین تربیت کے ذریعے قومی ترقی اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے ملک بھر میں دانش اسکولوں کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان اداروں کے ذریعے باصلاحیت اور ذہین طلبا، خصوصاً معاشی طور پر کمزور پس منظر رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ اور اساتذہ کی قدر افزائی مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔