اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی مچھلی اور سمندری مصنوعات کی برآمدات میں 74.4 فیصد کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برآمدات کی مالیت 125.4 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 71.9 ملین ڈالر تھا۔ سوموار کو جاری کردہ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدی آمدن میں یہ اضافہ سمندری ماہی گیری کے شعبے کی بڑھتی ہوئی معاشی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق گزشتہ تین سالوں میں برآمدات کے حجم میں 74.8 فیصد اضافہ ہوا۔ پہلی سہ ماہی 2023-24 میں برآمدات 35,294 میٹرک ٹن تھیں، جو 2024-25 میں 43,995 میٹرک ٹن اور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 61,679 میٹرک ٹن ہو گئیں۔ جنید انوار چوہدری نے میری ٹائم فشریز ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں اس شعبے نے ریکارڈ 568 ملین ڈالر کی آمدن حاصل کی۔ انہوں نے روسی منڈی کھلنے اور امریکہ کو جھینگوں کی برآمدات کی بحالی کو بڑی کامیابیاں قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی منڈیوں تک رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور فشریز ٹریننگ سینٹر کی بحالی پر بھی کام جاری ہے تاکہ بین الاقوامی حفاظتی معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔