پنجاب میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، پی ڈی ایم اے نے 7 اکتوبر تک سخت ہدایات جاری کر دیں

لاہور ( پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم اور طوفانی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہنے سے بچیں، اور آسمانی بجلی و گرج چمک کے وقت کھلے آسمان تلے جانے سے احتیاط کریں۔