کراچی (رم نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اور سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور اس مقصد کے لیے مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔
نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، تاہم ایسی معاشی نمو درکار ہے جو ذمہ دارانہ اور پائیدار ہو۔ انہوں نے بتایا کہ درست معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات کے باعث ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ معاشی استحکام ایک بنیادی ضرورت ہے اور اس ہدف کے حصول کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر مشترکہ لائحہ عمل کے تحت کام کرنا ہوگا۔ مقامی سرمایہ کاروں کے فعال ہونے سے ہی بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی کاروباری گروپس اب باہمی اشتراک سے کنسورشیم کی شکل میں کام کر رہے ہیں، جبکہ معیشت میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی اس بات سے ہوتی ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 20 سال کی بلند ترین سطح پر 11 آئی پی اوز ریکارڈ کیے گئے جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران مزید 5 آئی پی اوز ہو چکے ہیں۔