خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت، صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی آج اہم ملاقات

اسلام آباد (رم نیوز)خیبر پختونخوا کے مستقبل کا فیصلہ کرنے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر جامع مشاورت کے لیے آج صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اس ملاقات کے دوران صدرِ مملکت کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔ ملاقات کے ایجنڈے میں خیبر پختونخوا میں جاری احتجاجی و سیاسی صورتحال اور ماضی قریب میں ہونے والے مذاکرات کا تفصیلی جائزہ لینا شامل ہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی حالیہ اہم ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ اس اعلیٰ سطحی مشاورتی بیٹھک میں حکومتی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت کے علاوہ نامور قانونی ماہرین بھی شرکت کریں گے۔