اسلام آباد(رم نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کو کبھی بھی ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں دیرینہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام تنازعات، بالخصوص جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔
افغانستان اور دہشت گردی کے امور پر بات کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے واضح کیا کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ پاکستان کو اس وقت بھی افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی جانب سے مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا کوئی متبادل موجود نہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔