اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں علاقائی امن اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے امریکہ اور ایران کے مابین ثالثی کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا اور مکالمے کو ہی تنازعات کا حل قرار دیا۔
انہوں نے کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر التوا میں رکھنے کا بھارتی فیصلہ قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔ علاوہ ازیں، افغانستان سے دہشتگردی پر تشویش ظاہر کی گئی اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات اور سفارتی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نے مہمان وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔