اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت "ایکوا کلچر و شرمپ ویلیو چین ذیلی کمیٹی" کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں شرمپ (جھینگوں) کی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شرمپ فارمنگ اور ایکوا کلچر کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر کے ایک مضبوط برآمدی صنعت بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک سے جھینگوں کی برآمدات کے ذریعے 62 ملین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شرمپ فارمنگ کی پائیدار ترقی اور کامیابی کے لیے معیاری بیج، متوازن خوراک اور بیماریوں سے بچاؤ کے موثر انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ امریکا، چین اور یورپی یونین سمیت اہم عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھانے اور رسائی حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کو سختی سے پورا کرنا ہوگا۔