وٹس ایپ کا نیا شاندار فیچر، کون آن لائن ہے اور کس کی سالگرہ ہے؟، اب صرف ایک کلک پر معلوم ہوگا

کیلیفورنیا (رم نیوز) میسجنگ ایپ وٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک اور انتہائی مفید اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں آزمائش کی جا رہی ہے۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ 'ڈبلیو اے بیٹا انفو' کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ کی اینڈرائیڈ ایپ میں ایک نیا 'کانٹیکٹس ٹیب' شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ فیچر فی الحال تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے، البتہ اسے مرحلہ وار عام صارفین کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ نیا ٹیب ایپ کے نیچے موجود نیوی گیشن بار میں 'اپ ڈیٹس' اور 'کالز' کے درمیان نمایاں ہوگا۔

اس ٹیب میں سبز رنگ کے نقطے کے ذریعے باآسانی دیکھا جا سکے گا کہ اس وقت کون آن لائن ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین کو اپنے احباب کی سالگرہ کا بھی بروقت پتا چل سکے گا۔ جس دن کسی کی سالگرہ ہوگی، اس کے نام کے ساتھ کیک کا ایموجی اور 'برتھ ڈے ٹوڈے' لکھا نظر آئے گا۔ نام، فون نمبر یا یوزر نیم کے ذریعے کسی بھی فرد کو تلاش کرنے کے لیے اوپر ایک سرچ بار موجود ہوگی، جبکہ دیگر تمام نام حروف تہجی کے اصول کے تحت ترتیب وار دیے جائیں گے۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جن صارفین نے اپنا 'لاسٹ سین' سٹیٹس چھپایا ہوا ہوگا، وہ آن لائن ہونے کے باوجود اس لسٹ میں ظاہر نہیں ہوں گے۔