قدرتی آفات سے نمٹنے میں پاکستان متاثرہ ملک نہیں بلکہ رہنما کردار ادا کر سکتا ہے: صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد(رم نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی آفات کے خلاف جدوجہد میں محض ایک متاثرہ ملک تک محدود نہیں بلکہ اس میدان میں بھرپور رہنما کردار بھی ادا کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ صرف حادثات کے بعد ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے پیشگی تیاری اور مؤثر منصوبہ بندی کو قومی و بین الاقوامی تنظیموں کی سرگرمیوں کا بنیادی جزو بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیلابوں، زلزلوں، گرمی کی لہروں اور خشک سالی جیسے چیلنجز کا سامنا کر چکا ہے اور نقصانات کی قیمت سے بخوبی آگاہ ہے۔ صدر زرداری کے مطابق پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی نظام نے خطرات کی پیشگی نشاندہی میں اہم کام کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مقامی آبادیوں اور حکومتوں کو مزید مضبوط بنایا جائے جو کہ دفاع کی پہلی صف ہیں، جبکہ سرحدوں سے ماورا قبل از وقت انتباہی اطلاعات کے تبادلے کے لیے علاقائی تعاون کو بھی فروغ دینا ہوگا۔