معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی نظام میں فوری اصلاحات کی جائیں: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

بنکاک(رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر منعقدہ جی24 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترقی پذیر معیشتوں کے حقوق کے تحفظ اور گروپ کے اجتماعی اثر و رسوخ کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ عالمی اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں بروقت اور جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جو ممالک مشکل معاشی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں اور بیرونی معاشی دباؤ یا منفی حالات کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جانی چاہیے۔ محمد اورنگزیب نے ایک مستحکم، جامع اور پائیدار ترقی پر مبنی عالمی معاشی ڈھانچے کے قیام کے لیے تمام رکن ممالک اور مالیاتی اداروں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔