تھائی لینڈ کی ملکہ سُتیڈا نے جنگی طیارے پر تاریخی سولو پرواز مکمل کر لی

بینکاک(رم نیوز)تھائی لینڈ کی ملکہ سُتیڈا نے سویڈش ساختہ صاب جے اے ایس 39 گریپن جنگی طیارے پر اپنی پہلی سولو پرواز کامیابی سے مکمل کر کے ملکی تاریخ میں ایک سنگِ میل عبور کیا ہے۔ ملکہ سُتیڈا نے 41 منٹ پر محیط اس پرواز کو مکمل کرنے کے لیے ایک انتہائی سخت ترین تربیتی پروگرام میں حصہ لیا۔کامیاب لینڈنگ کے فورا بعد تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا واجیرالونگکورن نے ملکہ کو گلدستہ پیش کیا اور "گولڈن گریپن آرڈر پیچ" دیا۔ سویڈن کی اعزازی ایوی ایشن ایسوسی ایشن کی جانب سے رکنیت ملنے کے بعد ملکہ سُتیڈا باضابطہ طور پر تھائی لینڈ کی پہلی خاتون گریپن پائلٹ بن گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ملکہ سُتیڈا پہلے ہی ایک تجربہ کار پائلٹ ہیں، جو اس سے قبل بوئنگ 737 مسافر طیاروں سمیت مختلف طیاروں میں 1,188 سے زائد پرواز کے گھنٹے مکمل کر چکی ہیں اور شاہی پروازوں کے دوران بطور کو پائلٹ بھی فرائض انجام دے چکی ہیں۔