واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثی باغیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل دانستہ طور پر تیل کی قیمتیں بڑھانے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ وہ سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کی یہ وارننگ محض تین نومبر کے انتخابات تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ انتخابی عمل کے بعد بھی اس معاملے پر نظر رکھیں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حوثی ایران کے اشارے پر دوبارہ حملے کر رہے ہیں، حالانکہ گزشتہ سال امریکی کارروائیوں کے بعد خطے میں امن قائم ہو گیا تھا۔ امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی مفادات کے تحفظ کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی رابطہ کر کے مداخلت کی درخواست کر سکتے ہیں، کیونکہ انہیں پختہ یقین ہے کہ ترک صدر ان کی کہی ہوئی بات پر عمل کریں گے۔