رواں مالی سال ترسیلات زر 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی پالیسی کا رخ اب امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری کی طرف منتقل ہو چکا ہے، اور رواں مالی سال کے دوران ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ نیوز ایشیا چینل کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کو 41 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی تھیں، اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات اس حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت چین، امریکہ، خلیجی اور دیگر دیرینہ شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دے رہی ہے۔ چین کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں انفراسٹرکچر سے معاشی فوائد حاصل کرنے، کاروباری مواقع بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے۔