اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری کی زیر صدارت پورٹ قاسم سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بندرگاہ کے انتظامی امور، تجارتی سرگرمیوں اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے بندرگاہ پر کاروباری سرگرمیوں کو مزید منظم بنانے اور خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بندرگاہوں پر خدمات کے معیار کو بہتر اور تیزتر بنا کر ملکی تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔
جنید انور چوہدری نے واضح کیا کہ پورٹ قاسم کے منظور شدہ ماسٹر پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں پورٹ قاسم کے آئندہ کاروباری منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا بھی احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پورٹ قاسم کا نیا کاروباری منصوبہ نہ صرف ملک کی مجموعی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہوگا، بلکہ اسے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے عین مطابق ترتیب دیا جائے گا۔اس کے علاوہ اجلاس میں پورٹ قاسم میں کھیلوں کی پالیسی اور ایک مجوزہ کرکٹ گراؤنڈ کے قیام کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا