فلائنگ کار کا خواب اب حقیقت، سپیس ایکس کے تھرسٹرز سے لیس نئی ٹیسلا روڈسٹر متعارف

نیویارک(رم نیوز) ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک نے راکٹ کمپنی 'سپیس ایکس' کے تعاون سے تیار کردہ نئی ٹیسلا روڈسٹر سپورٹس کار کو باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔ ٹیکساس کے شہر میک گریگر میں واقع سپیس ایکس کے ٹیسٹ مرکز پر منعقد ہونے والی اس پرجوش اور ڈرامائی تقریب میں اس حیرت انگیز گاڑی کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

گاڑی میں سپیس ایکس کی ٹیکنالوجی پر مبنی کولڈ تھرسٹرز اور نیچے سکشن سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ نمائش کے دوران اس نے ریمپ پر الٹنے کے باوجود اپنی گرفت مضبوط رکھی، ہوا میں موڑ کاٹے اور دیگر گاڑیوں کے اوپر سے چھلانگ لگا کر فضا میں گھومنے کے انوکھے کرتب دکھائے۔ ٹیسلا کے انجینئرنگ سربراہ کے مطابق یہ کار صفر سے 60 میل فی گھنٹہ (97 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں پکڑ سکتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ (370 کلومیٹر فی گھنٹہ) سے زیادہ ہے۔

ایک بار چارج کرنے پر یہ گاڑی 300 میل (480 کلومیٹر) سے زائد کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سپورٹس کار کی پروڈکشن باضابطہ طور پر 2028 میں شروع ہوگی۔ ایلون مسک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روایتی جوش و خروش کے ساتھ کہا کہ یہ گاڑی انجینئرنگ کا ایک ایسا شاہکار ہے جو اس سے پہلے آپ نے کسی فلم میں بھی نہیں دیکھا ہوگا۔