راولپنڈی(رم نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ انہیں کسی کو کچھ ثابت کرنے یا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے، اور ان کی بیٹنگ کا انداز تینوں فارمیٹس میں یکساں رہتا ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ان کے لیے تمام فارمیٹس میں کارکردگی دکھانا اہم ہے اور خوش قسمتی سے ون ڈے کرکٹ میں ان کی پرفارمنس زیادہ بہتر رہی ہے۔
انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت نہیں دیتے جبکہ وہاں کھیلنا آسان نہیں ہے، اور ڈومیسٹک میں اچھا کھیلنے والے ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے پچھلے تین ٹیسٹ میچز اچھے نہیں رہے، تاہم وہ پچھلے چار سال سے مسلسل پرفارم کر رہے ہیں ۔