واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے حوالے سے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو اب یہ ذمہ داری کسی دوسرے شخص کے سپرد کر دینی چاہیے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شاید اب وہ وقت آ گیا ہے کہ زیلنسکی مذاکرات کے لیے کسی اور کو آگے لائیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل بھی یوکرین میں قیادت کی تبدیلی سے متعلق بیانات دے چکے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے معاملے پر فی الحال زیادہ سفارتی سرگرمی یا پیشرفت دکھائی نہیں دے رہی، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکہ یوکرین کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ جنگ کے خاتمے تک امریکہ میں مقیم یوکرینی شہریوں کو عارضی قانونی تحفظ فراہم کرنے کے امکان پر سنجیدگی سے غور کر سکتے ہیں۔