وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطری وزیر داخلہ سے ملاقات،پاکستان اور قطر کا سکیورٹی پارٹنرشپ مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان داخلی سکیورٹی اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران داخلی سکیورٹی سے جڑے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے کی موجودہ مجموعی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کے امور بھی زیرِ غور آئے۔

ملاقات میں دونوں وزراء نے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سکیورٹی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب قطری وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔