ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانا ناگزیر، معاشی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار معاشی ترقی کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے زیرِ اہتمام ٹیکس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام میں بہتری لانے کے لیے اصلاحات کا عمل مسلسل جاری ہے اور ٹیکس کا دائرہ بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ٹیکس اصلاحات کے مثبت اثرات سے جی ڈی پی کی شرح اور مجموعی شرح نمو میں بہتری آئی ہے، اور ملک درست سمت میں گامزن ہوتے ہوئے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں ترسیلاتِ زر میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کی معاشی ترقی اب پائیدار اور برآمدات پر مبنی ہونی چاہیے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب پاکستان کی شرح نمو منفی 0.3 فیصد تک گر گئی تھی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر اس نہج پر پہنچ چکے تھے جو محض دو ہفتوں کی درآمدات کے لیے کافی رہ گئے تھے۔