تہران (رم نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کاکہنا ہےکہ ایران کے خطے کے کسی بھی ملک کے ساتھ کوئی بنیادی یا گہرے اختلافات موجود نہیں ہیں، اور تہران حکومت تمام باہمی مسائل کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ایران کی اولین ترجیح ہے، اور تمام تنازعات کا پُرامن حل مذاکرات کے میز پر ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب، ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اس بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے فرانس میں ہونے والے مظاہروں کی وجہ امریکہ اور ایران کے مابین جنگ کے باعث ایندھن کی بلند قیمتوں کو قرار دیا تھا۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ فرانسیسی صدر نے ماضی میں ایران کے خلاف جنگ میں امریکی صدر کی حمایت کی تھی، اور میکرون نے خود امریکی اقدامات اور جرائم کا خیرمقدم کر کے موجودہ بحران اور اس کی سنگین صورتِحال کی بنیاد رکھی تھی۔