عائزہ خان کی نئی لُک سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گئی

لاہور(رم نیوز)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ عائزہ خان شرمین عبید چنائے کے پروڈکشن ہاؤس ’پٹاخہ پکچرز‘ کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں اپنے نئے لباس کی وجہ سے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔

تقریب کے دوران اداکارہ نے سفید رنگ کا مغربی طرز کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ صارفین کی جانب سے ان کے اس انداز پر ملے جلے اور سخت تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ عائزہ خان عام طور پر روایتی اور باوقار لباس پہننے کے لیے جانی جاتی ہیں، تاہم اس تقریب میں ان کا یہ مغربی انداز دیکھ کر مداحوں کی جانب سے حیرت اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔