روس یوکرین تنازع کا معاملہ، امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات طے

سینٹ پیٹرزبرگ(رم نیوز) امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس اہم ملاقات کا بنیادی مقصد روس اور یوکرین کے درمیان کئی برس سے جاری تنازع کے خاتمے سے متعلق امن تجاویز پر بات چیت کرنا ہے۔ یہ ملاقات سٹیو وٹکوف کی ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ہونے والی ملاقات کے ایک دن بعد طے پائی ہے، جسے امریکی عہدیدار نے ’مثبت اور تعمیری‘ قرار دیا تھا۔ صدر زیلنسکی نے تصدیق کی ہے کہ روسی میزائل حملوں سے متعلق امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ ایک بار پھر بحال کر دیا گیا ہے۔ یوکرین اور اس کے یورپی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ اوسلو میں طے پانے والی تجاویز پر اب روس کے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔ فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے بھی امن کے حصول کے لیے اس عمل میں ’حقیقی پیش رفت‘ کی تصدیق کی ہے۔