دو سال میں تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا ہدف، پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 20 اہم معاہدے طے

اسلام آبادـ(رم نیوز) پاکستان اور مالدیپ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کوآئندہ دو سالوں میں تجارتی حجم کو 13 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی زیرِ صدارت ہونے والی تقریب میں کیا گیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔

دونوں برادر ممالک نے تجارت کو نئی راہیں فراہم کرنے کے لیے تجارتی حجم کو مقررہ مدت میں 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔ ڈیجیٹل اور جدید دور کے تقاضوں کے پیش نظر انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدے کیے گئے۔ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان اور مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان اشتراکِ عمل طے پایا، جبکہ طبی ماہرین کی بھرتی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں بھی روابط مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام اور بحری سلامتی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔